ہماری دولت ہمارے بچے
ڈاکٹر یونس خالد صاحب کی کتاب تربیت اولاد کا منظوم خلاصہ

ہماری دولت ہمارے بچے -منظوم کلام

 

ہماری دولت ہمارے بچے
خدا کی نعمت ہمارے بچے

 

یہی تو معمار ہیں وطن کے یہ کل کے سردار ہیں وطن کے
ہمیں ہے ان کا خیال رکھنا مثال گوہر سنبھال رکھنا

 

ہماری دولت ہمارے بچے
خدا کی نعمت ہمارے بچے

 

ہم اپنے بچوں کو دیں سکھائیں ضرور ان کو قرآں پڑھائیں
پڑھائیں ان کو نبی کی سیرت کہ رہنما ہے انہی کی سیرت

ہماری دولت ہمارے بچے
خدا کی نعمت ہمارے بچے

 

اگرچہ مصروفیت ہو پیہم ہیں بچے سب سے مگر مقدم
توجہ ان پر ضرور رکھنا نہیں نگاہوں سے دور رکھنا

 

ہماری دولت ہمارے بچے
خدا کی نعمت ہمارے بچے

 

کریں غلط جو ضرور ٹوکیں بری روش سے ضرور روکیں
مگر طریقہ ہو مشفقانہ مصاحبانہ ، مدبرانہ

 

ہماری دولت ہمارے بچے
خدا کی نعمت ہمارے بچے

 

ہو تربیت ان کی ایسے ڈھب سے گریز ہو بے محل غضب سے
محبتوں سے جو کام ہوگا ہمیشہ اس میں دوام ہوگا

 

ہماری دولت ہمارے بچے
خدا کی نعمت ہمارے بچے

 

دلائیں بچوں کو حوصلہ بھی انعام کا کچھ ہو سلسلہ بھی
یہ گر نہایت ہی کارگر ہے بہت مفید اور پر اثر ہے

 

ہماری دولت ہمارے بچے
خدا کی نعمت ہمارے بچے

 

کریں انہیں ہم جو بھی نصیحت عمل کی اس پر ہو اپنی عادت
وہ ہم سے اطوار سیکھتے ہیں ہمی سے کردار سیکھتے ہیں

 

ہماری دولت ہمارے بچے
خدا کی نعمت ہمارے بچے

 

شاعر: مولانا لطیف الرحمن لطف

یہ بھی پڑھیں

بچے کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ

Check Also

کراچی بک فئیر 18 تا 22 دسمبر2025

کراچی بک فئیر 18 تا 22 دسمبر2025

 علم ، کتاب  اور کتاب دوستی کاخوب صورت  میلہ کراچی، پاکستان کا تعلیمی، ثقافتی اور …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے