رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہر زمانے کے لئے مشعل راہ ہیں ،افتخار عارف

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہر زمانے کے لئے مشعل راہ ہیں ،افتخار عارف

کراچی ،ویب ڈیسک؛ ہمارے لئے ہر زمانے میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم مشعل راہ ہیں اور رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار معروف شاعر، ادیب اور دانشور افتخار عارف نے
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری پندرہویں عالمی اردو کانفرنس کے تیسرے روز عکسی مفتی کی کتاب “Muhammad (PBUH) in Modren time”ـــــ”کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ہمیں سوالوں سے گریز نہیں کرنا چاہیے ، Muhammad in Modern Time کی تقریب رونمائی سے خطاب

افتخار عارف نے مزید کہا کہ صاحب ِ کتاب اس کتاب کا پہلا حصہ اللہ کے نام سے قلم بند کرچکے ہیں اور یہ کتاب محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے دوسرا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت پر بہت ساری کتابیں لکھی جاچکی ہیں اس کتاب پر بھی علماءکی اپنی اپنی رائے ہوگی،
انہوں نے کہا کہ سیرت نگاری کے بہت سے تقاضے ہیں ہمیں سوالوں سے کبھی گریز نہیں کرنا چاہئے کیونکہ سوالوں سے گریز وہ کرے جو کوئی بات چھپانا چاہتا ہو یا اس کے جواب کو مخفی رکھنا چاہے۔ عکسی مفتی نے کوشش کی ہے کہ وہ ہر سوال کا جواب دیں بالخصوص وہ سوال جو مغرب میں اٹھائے گئے ہیں۔

مغرب میں اسلام کے بارے میں دل چسپی بڑھ رہی ہے ، مبین مرزا

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مبین مرزا نے کہا کہ عکسی مفتی نے مذکورہ کتاب کا نام بہت متوجہ کرنے والا رکھا ہے۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی بشری حیثیت میں جو انسانی زندگی ہے اور انسانی معاملات ہیں بالخصوص اس معاشرے میں جو بدو معاشرہ تھا تو ایسے معاشرے میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شخصیت کو اس لئے بھیجا گیا کہ وہ انسانیت کو جوڑنے کی بات کریں۔ عکسی مفتی کی یہ کتاب بھی اسی پس منظر میں لکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب میں اسلام کے بارے میں دلچسپی پائی جاتی ہے اور یہ مزید بڑھ رہی ہے۔

کتاب مسلمانوں کے لئے نہیں منکرین کے لئے لکھی ہے ، مصنف عکسی مفتی کا اظہار خیال

کتاب کے مصنف عکسی مفتی نے کہا کہ عالمی اردو کانفرنس میں انگریزی میں لکھی گئی میری کتاب کی رونمائی رکھنے کے لئے میں احمد شاہ اور افتخار عارف کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میری یہ کتاب مسلمین اور مومنین کے لئے نہیں لکھی گئی بلکہ یہ کتاب میں نے منکرین کے لئے لکھی ہے تاکہ انہیں قرآن اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے مکمل آگاہی حاصل ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کتاب ملک کے ان طالب علموں کے لئے بھی ہے جو انٹرنیٹ سے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔

 

یہ بھی پڑھئے:

اردو زبان کا آغاز روحانی شاعری سے ہوا ،افتخار عارف

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top