جامعہ کراچی میں ترکی زبان کا شعبہ قائم کرنے پر غور

جامعہ کراچی میں ترکی زبان کا شعبہ قائم کرنے پر غور

کراچی ، ویب ڈیسک ؛ جامعہ کراچی میں ترکی زبان سکھانے کے لئے شعبہ قائم کرنے پر غور ، استنبول یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے سربراہ کا وفد کے ہمراہ جامعہ کراچی کا دورہ ، وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی سے ملاقات ،شعبہ اردو کے امکانات پر غور ۔

استنبول یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے سربراہ کا وفد کے ہمراہ کراچی یونیورسٹی کا دورہ

گزشتہ روز ترکی کے دو رکنی وفد نے وائس چانسلر جامعہ کراچی چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی سے وائس چانسلرسیکریٹریٹ میں ملاقات کی۔اس موقع پر رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر نصرت ادریس بھی موجودتھیں۔

دورکنی وفد استنبول یونیورسٹی کے شعبہ اُردو کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرخلیل ٹوکر(Dr Halil Toker) اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے نائب صدراسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ کتلمس یالسن(Dr Abdullah Kutalmis Yalcin) پر مشتمل تھا۔
وفد نے جامعہ کراچی میں شعبہ ترکی کے قیام کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جس سے جامعہ کراچی کے طلباترکی زبان سیکھنے کے ساتھ ساتھ ترکیہ کے ثقافتی اقدار، ادب، ترکیہ کی تاریخ اور جدید اور پرانے ترکیہ کے دیگر پہلوؤں کے بارے میں آگاہی ملے گی۔

وفد کی کراچی یونیورسٹی کے طلباء کے لئے ڈپلومہ کورسز شروع کرنے میں دل چسپی

ڈاکٹر خلیل ٹوکر نے جامعہ کراچی کے طلباوطالبات کے لئے ترکی زبان کے سرٹیفیکیٹ اور ڈپلومہ کورسز شروع کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔پروفیسر ڈاکٹر خلیل ٹوکر نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کو بتایا کہ پاکستانی طلبہ کی ایک بڑی تعدادحصول علم کے لیے ترکیہ کا رخ کررہی ہے لیکن ترکی زبان پرعبور،کوئی پس منظر اورسرٹیفیکیٹ نہ ہونے کی وجہ سے ان کا تقریباً ایک سال ترکی زبان سیکھنے میں ہی صرف ہوجاتاہے، وہ ترکی زبان کے امتحانات پاس کرنے کے بعد اپنی پڑھائی شروع کرتے ہیں۔

پہلے سے ترک زبان جاننے والوں کو ترکی میں تعلیم حاصل کرنے میں آسانی ہوگی ،ڈاکٹر خلیل ٹوکر

انہوں نے کہا کہ اگر طلبہ ترکیہ میں تدریس کے آغاز سے قبل ہی ترکی زبان سے واقفیت رکھتے ہوں اور ترکی زبان کے سرٹیفیکٹ یا ڈپلومہ کورسز کرچکے ہوں تو بلاتاخیر ترکی میں اپنی پڑھائی شروع کرسکتے ہیں۔انہوں نے اسٹوڈنٹس اور فیکلٹی ایکسچینج پروگرام کی خواہش کا بھی اظہار تاکہ دونوں ممالک کی جامعات ایک دوسرے کے زبان وثقافت سے ہم آہنگ ہوسکیں۔

پہلے مرحلے میں ڈپلومہ کورس ،بعد ازاں باقاعدہ شعبہ قائم کرنا چاہتے ہیں ،ڈاکٹر خالد عراقی

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے دورکنی وفدکے تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے مرحلے میں لینگویج سرٹیفیکیٹ اور ڈپلومہ کورسز شروع کرنا چاہتے ہیں اور پھر جلد ہی جامعہ کراچی میں شعبہ ترکی کے قیام کو یقینی بنایاجائے گا۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ مذکورہ منصوبے کے ذریعے پاکستانی طلباء کے لیے بہترین مواقع میسر آئیں گے جس کی بدولت ترکی زبان پر عبورحاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ترکیہ کی ثقافت کو جاننے اور ترکیہ اور پاکستان کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں بھی مددملے گی

یہ بھی پڑھیں

قومی سائنس ٹیلنٹ مقابلہ کی رجسٹریشن کے شیڈول کا اعلان

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top