عشرہ مغفر ت رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ

رمضان المبارک کے  عشرہ  مغفرت  کا آغاز ہو چکا ہےیہ رمضان المبارک کاوہ دوسرا مقدس عشرہ ہے جس میں اللہ تبارک وتعالی اپنی مخلوق میں مغفرت کے پروانے جاری کرتے ہیں اور اسے نارجہنم سے نجات عطاء فرمادیتے ہیں ۔ یہ نجات ومغفرت  کا دوسرا عشرہ ہے جسے عشرہ مغفرت  بھی کہا جاتا ہے ۔ مغفرت کے لفظی معنی ہیں آخرت کی نجات یا بخشش ،خطاءِ،غلطی یا تقصیر کی معافی ،گناہ کی بخشش ،نجات یا چھٹکارہ  جو کہ اللہ کی طرف سے ہو ۔رمضان المبارک بخشش ،رحمت ،برکت ، نجات ومغفرت کا مہینہ ہے۔

چشم بار ہو کہ مہمان آگیا

دامن میں الہی تحفہ ذیشان اگیا

بخشش بھی مغفرت بھی جہنم سے نجات بھی

دست طلب بڑھاؤ کہ رمضان آگیا

 

رمضان المبارک کا پہلا عشرہ جو کہ عشرہ رحمت  کہلاتا ہے اپنی تمام تر رحمتوں اور برکتوں کے ساتھ ہم سے جدا ہوا۔لیکن اس کا مطلب یہ ہر گز نہیں کہ رمضان کا دوسرا عشرہ  صرف  مغفرت کے لئے مخصوص ہے  اور یہ دوسرا عشرہ اللہ کی رحمت سے خالی ہو گابلکہ اس عشرہ  میں  مغفرت کے ساتھ ساتھ رحمت خداوندی بھی گناہ گار بندوں کے شامل حال رہے گی یعنی اگر کوئی رمضان المبارک میں عشرہ رحمت کی  برکات کو کسی سبب نہ سمیٹ سکا تو اب بھی اس کے پاس موقع ہے کہ وہ اس رحمتوں  اور برکتوں والے مہینے میں حصول  رحمت وبرکت کے ساتھ ساتھ اپنی نجات  بھی کرواسکتا ہے۔ جیسا کہ عشرہ مغفرت کی  شروعات ہو چکی ہیں اور اس عشرہ  میں باری تعالی اپنی مخلوق کے  بے شمار بندوں کو جہنم سے خلاصی دے کر اور ان کی مغفرت فرما کر جنت کے باغوں میں داخل کرنے کا پروانہ جاری کر دیتے ہیں

 قرآن کریم ذکر حکیم میں ارشاد ہے کہ ترجمہ۔ بے شک اللہ کی رحمت نیک لوگوں کے قریب ہے (الاعراف آیت 56) یعنی کہ نیکو کاروں کے لئے اللہ کی رحمت ہوگی۔ عشرہ رحمت تمام ہوا۔ مغفرت والا عشرہ یعنی رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ  شروع ہوچکا  ہے۔ قرآن کریم میں اللہ تبارک وتعالی کا ارشاد ہےکہ ترجمہ ۔(تم فرماؤ اے میرے وہ بندو جنہوں نے  اپنی جانوں پر زیادتی کی! اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہونا بے شک اللہ سب گناہ بخش دیتا ہے۔بے شک وہی بخشنے والا مہربان ہے) زمرآیت 53  سبحان اللہ کیا شان کریمی ہے ۔کیاشان  رحیمی  ہے کیا شان غفاری ہے  کہ گناہگاروں سے کہا جارہا ہے کہ اے میرے بندو میں تمہاری مغفرت فرماؤنگا۔

 اپنے گناہگار بندوں سے کس قدر پیار ہے باری تعالی کو کہ کہا جا رہا ہے  کہ رحمت خداوندی سے مایوس نہ ہونا ہم تمہاری مغفرت بھی فرمائینگے۔رمضان کا دوسرا عشرہ  جاری وساری ہے اللہ کریم اپنے گناہگار بندوں کی کسی نہ کسی بہانے مغفرت کرنے کے درپے ہیں ۔اسی لئے پورے رمضان میں بے شمار مخلوق کی مغفرت فر ما دی جاتی ہے۔ رمضان المبارک  نجات  کا  وہ مہینہ ہے کہ اس مہینے کو پانے کےبعد بھی اگر کوئی اللہ کی رحمت ومغفرت اور جہنم کی آگ سے خلاصی پانے سے محروم رہ گیا تو ایسا بد قسمت بڑی بھلائی سے محروم رہ گیا۔

 عشرہ مغفرت دوسرا عشرہ

 عشرہ مغفرت رمضان المبارک کا  دوسراعشرہ شروع ہو چکا ہے۔ رحمتوں کی برسات کے ساتھ ساتھ مغفرت کے پروانے بھی جاری کئے جارہے ہیں۔بمطابق حدیث رمضان کا پہلا عشرہ رحمت دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرا عشرہ جہنم کی آگ سے نجات کا عشرہ ہے۔دوسرے عشرے میں زیادہ سے زیادہ استغفار کیا جائے۔ویسے تو سارا رمضان ہی   رحمتوں اور مغفرت کا سلسلہ جاری رہتا ہے لیکن چونکہ دوسرا عشرہ عشرہ مغفرت ہے اس لئے اس عشرے میں  زیادہ سے زیادہ استغفار کا اہتمام کرنا چاہیئے۔ تاکہ اللہ تعالی اس مبارک عشرے اور اس میں کی جانے والی عبادات کے طفیل پماری مغفرت فرماہیں

 عشرہ مغفرت دوسرے عشرے کی دعا

 رمضان المبارک کے دوسرے عشرے عشرہ مغفرت کی دعا (استغفر اللہ ربی من کل ذنب واتوب الیہ) تر جمہ۔ میں اللہ سے مغفرت طلب کرتا ہوں ہر گناہ سے اور اس کی جانب رجوع کرتا ہوں) اور اس کے ساتھ ساتھ ( ربنا اغفرلی والوالیدیہ وللمومنین یوم یقوم الناس) ترجمہ۔ اے میرے رب  میری مغفرت فرمانا اور میرے والدیں کی  اور مغفرت فرما مومنوں کی اس دن کہ جس دن تو حساب لے گا) رمضان المبارک کے دوسرے عشرے عشرہ نجات  میں صبح وشام  رات دن اٹھتے بیٹھتے چلتے پھرتے یہ دعائیں  پڑ ھتے رہنا چاہیئے۔

مولی سے مغفرت کے علاوہ دعا میں شاد

کچھ اور مانگنے کی جسارت کبھی نہ کی

 حضرت عبداللہ ابن مسعود فرماتے ہیں

رسول ﷺ نے فرمایا کہ رمضان کی ہر شب آسمانوں میں صبح صادق تک ایک منادی یہ اعلان کرتا ہے کہ ۔ ہے کوئی مغفرت کا طلب گار  کہ اس کی  مغفرت کی جائے ۔ہے کوئی سائل کہ اس کا سوال پورا کیا جائے۔ ہے کوئی توبہ کرنے والا کہ اس کی توبہ قبول کی جائے ۔عشرہ مغفرت  بخشش اور نجات کا عشرہ  اور منادی کی ندا  جلدی کیجئے!  رب کی بارگاہ میں  اپنے گناہوں کی معافی  مانگ لیں ہوسکتا ہے کہ آئندہ سال ہمیں  عشرہ مغفرت کی  یہ گھڑیاں نصیب نہ ہوں۔

حضور اکرمﷺ کا معمول

 بخاری شریف کی حدیث ہے کہ رسولﷺ خود دن میں ستر مرتبہ استغفار کیا کرتے تھے۔ اس کے علاوہ حضور اکرمﷺ رمضان کے دوسرے عشرے یعنی عشرہ مغفرت میں انتہائی کثرت کے ساتھ  توبہ واستغفار کیا کرتے تھے۔

 احترام رمضان کے سبب مغفرت

ایک شخص جو سارا سال نماز نہ پڑھتا تھا لیکن رمضا ن کی آمد پر صاف ستھرے کپڑے پہہن لیتا پاک صاف ہو کر پانچوں وقت کی نماز پابندی سے پڑھتا سال گزشتہ کی نمازیں بھی ادا کرتا لوگوں نے پوچھا کہ تو ایسا کیوں کرتا ہے  تو کہتا کہ یہ مہینہ رحمت برکت توبہ ومغفرت کا مہینہ ہے۔ شاید اس طرح اللہ میری مغفرت فرمادے۔ اس شخص کو مرنے کے بعد کسی نے خواب میں دیکھا  تو پوطھا کہ تیرے ساتھ اللہ نے کیا معاملہ کیا تو کہنے لگا کہ اللہ نے احترم رمضان کرنے کے سبب میری مغفرت فرمادی(درہ ناصحین ص8)

ہمیں واعظ ڈراتا کیوں ہے دوزخ کے عزابوں سے

معاصی گو ہمارے بیش ہوں کچھ مغفرت کم ہے

 

لیکن اس سے ہر گز یہ تاثر نہیں لینا چاہیئے کہ  ایسا معاملہ اختیار کیا جائے کیونکہ اگر اللہ تعالی کسی عمل پر مغفرت  فرماتے ہیں تو کسی گناہ پر پکڑ بھی ہوسکتی  ہے۔یغفر لمن یشاء ویعذب من یشاء(جسے چاہے  بخش دے جسے چاہے عذاب دے) لہذا اس طرح کے معاملات میں محتاط رہنا چاہیئے۔

ارشاد باری تعالی ہے

 ترجمہ۔ تم اللہ سے  بخشش کیوں نہیں مانگتے شاید تم پر رحم ہو (سورہ نمل آیت 46)ایک اور جگہ پر ارشاد باری تعالی ہےکہ ترجمہ۔ (اور اپنے رب سے معافی چاہو پھر اس کی طرف رجوع لاؤ بے شک میرا رب مہربان محبت والا ہے) سورہ ھود آیت 90 اللہ تعالی اپنی مخلوق کی جانب متوجہ رہتے ہیں کہ کب کوئی  گناہ گار مجھ سے توبہ کرے اور میں اس کی توبہ کو قبول  کرکے اس کی مغفرت کروں۔ عشرہ مغفرت یعنی رمضان کا دوسرا عشرہ مغفرت کے لئے ہے آئیں عشرہ نجات  میں رب کریم سے اپنے گناہوں کی معافی مانگ لیں بخشش ومغفرت کے یہ لمحات بس چند دنوں کے مہمان ہیں۔کہیں ایسا نہ ہو کہ مغفرت والا یہ عشرہ  ہم سے جدا ہو جائے اور ہم اس کے فیوض وبر کات کو سمیٹنے  سے محروم رہ جائیں۔

 سمندر کی مچھلیاں بھی دعا کرتی ہیں

ایک حدیث کا مفہوم ہے کہ روزہ دار کے لئے سمند رکی مچھلیاں بھی مغفرت کی دعا کرتی ہیں۔عشرہ مغفرت کا تقاضہ بھی یہی ہے کا ہم خود بھی اپنے اور اپنے پیاروں کے لئے  اللہ تعالی سے بخشش اور مغفرت کی  زیادہ سے زیادہ دعائیں کرتے رہیں۔رب کریم کا بے بہا شکر اور احسان ہے کہ اس نے امت محمدیہ کی بخشش اور مغفرت کے لئے رمضان المبارک کے دوسرے عشرے یعنی عشرہ مغفرت  کو مخصوص فرمایا۔عشرہ نجات ہماری بخشش کا بہت بڑا ذریعہ ہے ہمیں بھی چاہیئے کہ اس رحمتوں اور مغفرت بھرے عشرے کی   رحمتوں اور برکتوں کو زیادہ سے زیادہ اپنے دامن میں سمیٹ لیں ۔

جن کی دعا قبول ہوتی ہے

حدیث نبویﷺ ہے کہ کہ تیں لوگون کی دعا ضرور قبول ہوتی ہے اور رد نہیں کی جاتی(1) روزہ دار کی افطار کے وقت کی دعا(2)عادل بادشاہ کی دعا(3) مظلوم کی دعا

 ان تین لوگوں کی دعا رد نہیں کی جاتی اللہ تعالی اس کو آسمانوں سے اوپر اٹھا لیتے ہیں اور آسمانوں کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں۔ اور ارشاد ہوتا ہے میں تیری ضرور مدد کروں گا۔ویسے بھی افطار اور سحر کے اوقات بمطابق حدیث قبولیت دعا کے لئے مخصوص ہیں لہذا ان اوقات میں کثرت کے ساتھ اپنی اپنے اہل خانہ اور کل امت مسلمہ کی مغفرت کی دعا اللہ تعالی  سے مانگنا چاہیئے۔اللہ تعالی عشرہ مغفرت میں مانگی جانے واکی ان دعاؤں کو اپنی بارگاہ میں شرف قبولیت عطا فرمائے(آمیں)

جو کثرت سے استغفار کرتا ہے

حدیث نبوی ہﷺہے کہ جو کثرت سے استغفار کرتا ہے اللہ تعالی اس کو ہر مصیبت اور تنگی سے نکال لیتے ہیں اور اسے ایسی جگہ سے رزق عطا فرمایا جاتا ہے جہاں  سے اس کا گماں بھی نہیں ہوتا۔عشرہ  نجات  کے بخشش ومغفرت کے لمحات آج ہمارے درمیان موجود ہیں  آئیں مل کر ان بابرکت اور مقدس لمحات سے  بھرپور فائدہ  اٹھائیں اور اپنی بخشش اور مغفرت کو یقینی بنائیں۔ رمضان المبارک کے دوسرے عشرے عشرہ مغفرت میں  ہماری تمام تر کوششوں کا مرکز ومحور یہی ہونا چاہیئے کہ رب تبارک وتعالی کی ذات ہمارے اعمال  اور عبادات اور دعاؤں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرماتے ہوئے  ہوئے ہماری بخشش اور مغفرت  فرمادے (آمین)

حرف آخر برائے عشرہ مغفرت

آج ہمارے درمیان رمضان المبارک کا وہ مہینہ موجود ہے کہ جس کو رب تبارک وتعالی نے اپنا مہینہ قرار  دیا ہے ۔ یہ مہینہ آج  اپنی تمام تر برکتوں رحمتوں کے ساتھ ہمارے درمیان جلوہ افروز ہے۔ یہ سحر وافطار کے رحمتوں بھرے لمحات سحری کی برکات اور سب سے بڑھ کر اللہ  تعالی کی  رضائیں اور بخشش ورحمت ہما ری منتظر ہیں۔بس ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس عشرہ مغفرت میں  اپنے رب کے حضور اپنی جبیں کو جھکائیں اور اپنی بخشش ومغفرت کا سامان کرلیں۔یہ نجات برکت ورحمت اور مغفرت کا مہینہہے آئیے اسے عبادت میں گزاریں اور اپنی دنیا وآخرت سنواریں

مزید پڑھیں عشرہ رحمت

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top