فیملی ٹائم کو دلچسپ بنانے کیلئے 5 دلچسپ انڈور گیمز

فیملی ٹائم کو دلچسپ بنانے کیلئے 5 دلچسپ انڈور گیمز

ڈاکٹر محمدیونس خالد۔ تربیہ پیرنٹنگ کوچ

آج کے مصروف اور ڈیجیٹل دور میں، جب اسکرینز نے بچوں اور والدین کے درمیان فاصلے پید ا کردئیے ہیں، تو گھر میں  فیملی ٹائم کو اہتمام سے منعقد کرنا ، اسے  دلچسپ اور بامقصد بنانا   ہر گھر کی  ضرورت بن چکا ہے۔اکثر والدین یہ  شکایت کرتے ہیں کہ بچے صرف موبائل گیمز کھیلنا چاہتے ہیں۔وہ ہمارے ساتھ  بیٹھنا اور وقت گزارنا نہیں چاہتے ۔

ایسے میں  والدین خود  اگرتھوڑا سا تخلیقی(Creative) بن جائیں او رکچھ انڈور گیمز کو اپنے فیملی ٹائم کا حصہ بنائیں   تو وہ   نہ صرف بچوں  کو اپنے ساتھ جوڑ کررکھ   سکتے ہیں بلکہ  گھر  کا  ماحول  پرجوش،  خوشیوں سے بھرا ہوا  ، فیملی ممبرز   میں مضبوط تعلق  کا ذریعہ اور سیکھنے کیلئے مفید بن سکتا ہے۔

یہ مضمون آپ کو 5 ایسی دلچسپ انڈور فیملی گیمز سکھائے گا جو نہ صرف بچوں کو  تفریح فراہم کریں گی،  بلکہ بچوں کی  ذہنی، اور جذباتی نشوونما کیلئے مفید رہیں گی۔ ہم ہر گیم کے اسٹرکچر کے ساتھ اس کا مقصد، تیاری کا طریقہ، اور کھیلنے کے اسٹپس بھی آپ کو بتائیں گے۔ والدین سے گزارش ہے کہ  بدل بدل کر گیمز کو اپنے فیملی ٹائم کا حصہ بنائیں۔ اور ہر گیم کو ان اسٹپس  کو فالو کرتے ہوئے  اپنی محفل کا حصہ بنائیں۔

گیم نمبر 1: جذبات پہچانو۔ Guess emotions

یہ گیم بچوں میں اپنے  احساسات کو  سمجھنے، دوسروں کے جذبات کو  پڑھنے، اور ہمدردی سکھانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ اس گیم کو کھیلنے کیلئے چھوٹے کاغذوں پر مختلف جذبات لکھیں، جیسےخوشی، غم، غصہ، اداسی،  نفرت، حیرت، ڈر اور محبت وغیرہ

پھر ان کاغذوں کو فولڈ کر کے ایک جار میں ڈال دیں۔ اب باری باری ہر بچہ ایک پرچی نکالے۔  پرچی پر جو جذبات لکھے ہوئے ہیں اسے    بولے بغیر صرف چہرے کے تاثرات یا جسمانی حرکات سے ان جذبات کو  ظاہر کرے۔باقی فیملی ممبرز اندازہ لگائیں کہ  کون سا جذبہ ہے جو اس پرچی پر لکھا ہوا تھا۔ جو صحیح بتائے اسے ایک پوائنٹ ملے۔

اس گیم کا فائدہ کیا ہوگا۔ اس سے  ایک تو فیملی ممبرز کو ساتھ مل کر کھیلنے اور  ٹیم ورک کرنے  کا موقع ملے گا، جس سے والدین اور بچوں   کا باہمی تعلق مضبوط ہوگا۔  دوسری طرف  اس کی وجہ سےبچوں میں احساسِ ذمہ داری، اظہارِ جذبات،  اپنے اور دوسروں کے جذبات  کو سمجھنے کی صلاحیت بڑھے گی۔ ۔

گیم نمبر۔ 2 یاد د داشت کا چیلنج۔: Memory Challenge

یہ کھیل فیملی کو جوڑنے اور تفریح فراہم کرنے کے ساتھ  بچوں کی یاد داشت کو چیک کرنے اور اس میں اضافہ  کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔  اسے کھیلنے کا طریقہ یہ ہوگا کہ ایک ٹرے میں 10  عدد عام اشیاء رکھیں ۔  مثلاقلم، چمچ، کھلونا، گھڑی، ربڑ وغیرہ۔ یہ ٹرے بچوں کو صرف 30 سیکنڈ کے لیے دکھائیں۔ پھر۔ ٹرے کو کپڑے سے ڈھانپ دیں اور بچوں سے پوچھیں کہ تمہیں ان چیزوں میں سے کیا کیا یاد ہے؟ جو بچہ سب سے زیادہ درست چیزیں بتائے، وہ جیتے گا۔

گیم کو مزید  چیلنجنگ بنانے کیلئےچیزوں کی تعداد بڑھاکر 15 کردیں یا اور بھی  بڑھادیں۔ دوسرا طریقہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ  بچوں کو اشیاء کے رنگ بھی یاد رکھنے کا چیلنج دیں۔اس گیم کا فائدہ یہ ہوگا  کہ اس سےدماغ کی یادداشت، مشاہدہ، اور Focus بہتر ہوگا۔ اور بچوں کی Cognitive Skills مضبوط ہوجائیں  گی۔

گیم نمبر3۔ جملہ مکمل کیجئے اور کہانی بنائیے۔

 اس گیم کا مقصد  بچوں کی زبان، تخیل، اور جملہ بنانے کی صلاحیت کو مضبوط کرنا اور ہنسی مزاح کے ذریعے فیملی ٹائم کو دلچسپ بنانا ہوتا ہے۔ اس گیم سے بچوں اور بڑوں کی تخلیقی صلاحیت بڑھتی ہے، جملہ سازی اور لفظیات مضبوط ہوتی ہیں۔ پوری فیملی کوساتھ  جڑنے اور باہمی گفتگو کا موقع ملتا ہے۔

گیم کا طریقہ کار یہ ہوگا کہ گیم میں حصہ لینے والے افراد  کم از کم 3 لوگ ہوں۔ بہتر ہے اور  زیادہ لوگ ہوں بلکہ پوری فیملی کھیل میں حصہ لے۔ والدین خود بھی کھیل میں حصہ لیں۔ اس گیم میں پوری فیملی یا گروپ کو مل کر ایک بامعنی جملہ مکمل کرنا ہوتا ہے۔ اور پھرٹیم ورک کے ذریعے کئی جملے بنا کر ایک کہانی  تخلیق کرنی ہوتی ہے۔ جو مزیدار ہونے کے ساتھ کافی چیلنجنگ بھی ہوتی ہے۔

گیم کو کھیلنے کا طریقہ۔

ایک شخص آدھا جملہ بولے۔ مثلا آج میں نے ایک عجیب سا۔۔۔اگلا کھلاڑی صرف ایک بامعنی لفظ بول کر جملہ کو آگے بڑھائے۔ مثلا "پرندہ”۔ تیسرا کھلاڑی اسی لفظ پر مزید ایک لفظ جوڑ کر جملہ مکمل سکتا ہے۔  مثلا آج میں نے ایک عجیب سا پرندہ دیکھا۔

اگر آپ جملے بڑھا کر کہانی بنانا چاہیں توگیم کی معنویت میں مزید اضافہ سکتا ہے۔

گیم کے رولز۔

ہر کھلاڑی کو ایک وقت میں صرف ایک لفظ بولنے کی اجازت ہے۔ ایسا لفظ جوڑے جو بامعنی ہو اور جملہ مکمل کرے۔ بے معنی لفظ کو قبول کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ٹیم ممبرز مل کر کریں ۔ہر کھلاڑی کو 5 سیکنڈ کے اندر لفظ بولنا ہے۔

اسکورنگ (اگر چاہیں)

بہترین/مزاحیہ لفظ  بولنے پر کھلاڑی کو 1 پوائنٹ ملے گا۔  دس پوائنٹس حاصل کرنے  والا کھلاڑی جیت جائے گا۔  اس گیم کیلئے وقت جو درکار ہے وہ 10  سے 15 منٹ کافی ہوتے ہیں۔

گیم 4: “Find the Hidden Object” (چھپی چیز تلاش کرو۔

 گیم کو کھیلنے کا طریقہ سادہ ہے۔گھر کے کسی ایک کمرے میں ایک چیز (کھلونا، چابی، یا پنسل) چھپا دیں۔ فیملی ممبرز اسے تلاش کریں۔  ڈھونڈے کیلئے اشارے (Clues) بتاسکتے ہیں۔ مثلا چھپی ہوئی  چیز کسی  روشنی کے  قریب  ہے۔یا جہاں کتابیں  ہوتی  ہیں وہاں دیکھو۔ڈھونڈنے کیلئے بچوں کو دو ٹیموں میں بانٹ دیں۔ ہر ٹیم اشاروں کی مدد سے چیز ڈھونڈے۔جو پہلے ڈھونڈ نے میں کامیاب ہو  وہ جیتے۔

اس گیم کے کئی  فوائد  ہوسکتے ہیں۔ بچوں کا  مشاہدہ تیز ہوگا ۔ ٹیم ورک اور فیملی بونڈنگ بڑھے گی۔ بچوں کے تجسس  میں اضافہ ہوگا ۔ جو حصول علم  کی بنیاد بنے گا۔ اس کے علاوہ اپنی صلاحیتوں سے کام لینے کا حوصلہ بچوں میں پیدا ہوگا۔بچے اپنی توانائی مثبت سرگرمی میں صرف کرتے ہیں۔

گیم نمبر 5۔   فیملی کوئز شو

مقصد:  فیملی ٹائم کو انگیجنگ بنانا، بچوں کے ساتھ تعلقات  بہتر بنانا۔ سیکھنے کے عمل  کو بچوں کیلئے دلچسپ بنانا اور بچوں کی  ذہانت بڑھانا

اس گیم کو کھیلنے کیلئے بچوں کی عمر اور دلچسپیوں کے لحاظ سےسوالات تیار کریں جیسے پاکستان کا دارالحکومت بتائیے؟ہمارے پیارے  نبی ﷺ کا کوئی ایک  معجزہ بتائیے؟ گھر میں سب سے زیادہ چائے کون پیتا ہے؟ (مزاحیہ سوال بھی رکھیں)۔

اس میں سنجیدہ اور مزاحیہ سوالات دونوں رکھیں۔

 والد، والدین  یا کوئی ایک  بچہ Quiz Master بنے۔ باقی ممبران پوچھنے پر سوالوں کے جواب دیں۔ ہر درست جواب پر ایک پوائنٹ دیں یا کوئی ٹافی انعام میں دیں۔

گیم کے فوائد کیا ہو سکتے ہیں۔ اس سے سیکھنے کے عمل میں تیزی اور سیکھنے کے عمل کو دلچسپ بنانے  کے  ساتھ خاندانی مزاح اور تعلق بڑھتا ہے۔بچے جنرل نالج میں دلچسپی لینے لگتے ہیں۔

اسلامی نقطۂ نظر — کھیل  تربیت کا حصہ اور موثر ذریعہ ہیں۔

نبی کریم ﷺ بچوں کے ساتھ کھیلتے، انہیں پیار سے بلاتے اور ان کے ساتھ گھل مل جاتے۔ اسلام نے ان کھیلوں کی حوصلہ افزائی کی ہے جو  بامقصد ہوں اور وقت  کے ضیاع کا باعث نہ ہوں۔ ان میں جھوٹ، لڑائی، یا فضول بات نہ ہو۔ اور نیت دلوں کو جوڑنے اور خوشی بانٹنے کی ہو۔

  اگر کھیل کو ہم  جسمانی ورزش ، تعلیم اور تربیت کا ذریعہ بنائیں تو یہ اسلام کی نظر میں بھی  مستحسن ہیں ۔ اسلام میں کھیل کو وقت کا ضیاع نہیں بلکہ تربیت کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے، ۔

خلاصہ  کلام ۔

فیملی ٹائم کو بچوں اور بڑوں کیلئے  دلچسپ بنانا  کوئی مشکل کام  نہیں، اگر آپ دل سے ان گیمز کو اپنے فیملی ٹائم کا حصہ بنائیں۔تو یہ  آپ کے گھر کو صرف تفریح نہیں فراہم نہیں کریں گی،  بلکہ یہ  پیار، محبت، تعلق اور   بہترین  تربیت کا ذریعہ بنیں گی۔جب والدین بچوں کے ساتھ کھیلتے ہیں، تو وہ صرف گیم نہیں کھیلتے  ، بلکہ وہ ان کے اعتماد، سوچ، اور شخصیت میں روشنی بھرتے ہیں۔یاد رکھئے گھر وہ نہیں جہاں لوگ اکٹھے رہتے ہیں، گھر وہ ہے جہاں  سب گھر والوں کے دل اکٹھے دھڑکتے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیے۔ فیملی ٹائم کو موثر کیسے بنائیں۔

Check Also

سستی وکاہلی ختم کرنے کے طریقے

بچوں میں  سستی ،کاہلی ختم کرنے کے 7موثر طریقے

ڈاکٹرمحمدیونس خالد۔ تربیہ پیرنٹنگ کو چ ، کاونسلر، ٹرینر کیا آپ کو لگتا ہے  کہ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے