یہ کتاب کیسے پڑھیں؟
یہ کتاب کیسے پڑھیں؟ ہرکتاب کو پڑھنے کا مقصد اور انداز مختلف ہوتا ہے کچھ کتابیں ایک نظر میں سرسری طور پر پڑھی جاتی ہیں اور کچھ کتابیں توجہ و انہماک کے ساتھ باربار پڑھنے کا تقاضا کرتی ہے ۔ یہ کتاب جو آپ کے ہاتھ ہے اس دوسرے قبیل سے تعلق رکھتی ہے۔ کہ اسے رک رک کر باربار پڑھا جائے اور اپنی خاندانی زندگی کواس کتاب میں بیان کردہ اصولوں سے جوڑکر دیکھا جائے۔کیونکہ اس میں خاندان اورنسل کی فلاح وبہبود کا پوراڈھانچہ بتایاگیا ہے۔ اس کتاب کے مخاطبین میں چونکہ والدین یعنی ماں اور باپ دونوں شامل ہیں لہذا بہتر یہ ہے کہ زوجین دن میں کوئی وقت طے کرکے مل کر اسے تھوڑا تھورا کرکے پڑھتے رہیں اور ان نکا ت پر غوروغوض اور باہمی گفت وشنید کریں جو ان دونوں سے یا بچوں سے متعلق ہیں۔بچوں کی معیاری تعلیم و تربیت کے لئے گھراور خاندان کا کلچر معیاری بنانا پڑتاہے جس میں ماں باپ کا کردار بہت ہی اہم ہوتاہے اور ان دونوں کا ایک پیج پر ہونا بھی بہت ضروری ہے۔ ورنہ میاں بیوی میں سے کوئی ایک ذاتی طور پر بہت بہتر ہو اور بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے فکرمند بھی ہو، لیکن شریک حیات اس کے ساتھ تعاون کے لئے آمادہ نہ ہو تو بات بنے گی نہیں۔ لہذا اس کتاب کو خاندان کا نصاب بناکر پڑھاجائے تو انشااللہ بہت مفید رہےگا۔
!شکراللہ کا
آج میں اللہ تعالی کا کروڑوں بار شکراداکروں تو کم ہے کہ اسی کی توفیق اور مدد سے آج یہ کتاب اپنی تکمیل کو پہنچ رہی ہے۔آج14 اگست 2020 جمعہ کا دن ہے اور میرے لئے اللہ تعالی کے فضل وکرم سے کئی خوشیاں ایک ساتھ جمع ہوگئی ہیں۔ جمعہ کا عظیم دن ہے مملکت خدادادپاکستان کی آزادی کا دن ہے اور اس اہم موقع پر ملک وقوم اور خاص کر نئی نسل کی بہتری کے لئے میری یہ کاوش باقاعدہ تصنیف کی صورت میں اپنی تکمیل کو پہنچ رہی ہے، جس کا باقاعدہ آغاز میں نے مارچ کے مہینے میں کوڈ19 کرونا کی وجہ سے لاک ڈاون لگنے اور گھروں میں محصور ہونے کے بعد کیا تھاالحمد للہ علی ذالک۔ باقی یہ ریسرچ پر مبنی ایک علمی کاوش ہے جس میں اپنی سی پوری کوشش کے باوجود لغزش کے امکانات بہرحال موجود ہیں۔قارئین سے میری مودبانہ گزارش ہوگی کہ اگراس کتاب میں کہیں کوئی غلطی اور لغزش نظر آئے یا اس کتاب کی مزید بہتری کے لئے کوئی تجویز آپ کے ذہن میں ہو توہمیں ضرورمطلع کردیجئے ہم آپ کے شکریے کے ساتھ نہ صرف اسے قبول کریں گے بلکہ آئندہ کی طباعت کا حصہ بھی بنائیں گے انشااللہ۔ والسلام
محمدیونس خالد غفراللہ لہ
جمعہ المبارک 23 ذی الحج 1441ھ، 14اگست 2020
Younuskhalid10@gmail.com