اسکلز اور مہارتوں کا شخصیت سازی میں کردار

اسکلز اور مہارتوں کا شخصیت سازی میں کردار

ڈاکٹر محمد یونس خالد

زندگی میں اسکلز ، ہنر اور مہارتیں سیکھنا ہرانسان کی ضرورت ہوتی ہے۔جس انسان کے پاس زیادہ ہنراور مہارتیں ہوں گی، دنیا میں اس کی مانگ بھی زیادہ ہوگی اور وہ دنیا میں زیادہ بہتر طریقے سے زندگی گزارسکے گا۔کیونکہ لوگ ضرورت کے مطابق اس کی مہارتوں سے فائدہ اٹھائیں گے اور صاحب ہنر انسان کو اس کے ہنر کی قیمت اداکرکے وہ مہارت اس سےخرید لیں گے ، جس سے اس کو اچھی آمدن ہوسکتی ہے اور وہ اپنی زندگی بہتر طریقے سے جی سکتا ہے۔انسان کچھ خداداد صلاحیتیں لے کر دنیا میں پیدا ہوتا ہے لیکن بیشتر مہارتیں اپنے زمانے ، علاقے اورضروریات کے مطابق وہ سیکھ سکتا ہے۔

ٹیلنٹ اور اسکلز میں فرق

دنیا میں مختلف کاموں کی انجام دہی کے لئے ہمیں ٹیلنٹ اور بےشمار مہارتوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ٹیلنٹ وہ خداداد صلاحتیں ہوتی ہیں جو انسان میں فطری طور پر پائی جاتی ہیں مثلا بعض لوگ زیادہ ذہین ہوتے ہیں اور بعض کم ذہین ہوتے ہیں بعض بہادر ہوتے ہیں اور بعض بزدل ہوتے ہیں۔ ذہین ہونا، بہادر ہونا،پھرتیلا ہونا ،جسمانی ساخت کا کسی کام کے لئے بہت مناسب ہونا وغیر ہ یہ سب ٹیلنٹ قدرتی صلاحیتوں کی مثالیں ہیں۔ اس کے مقابلے میں اسکلز اور مہارتیں انسان کی وہ صلاحیتیں ہوتی ہیں جو انسان شعور طور پرخود اپنی کوشش اور سعی سے سیکھ لیتاہے مثلا لکھنا پڑھنا، تعلیم حاصل کرنا ، فٹ بال کھیلنا اور کرکٹ کھیلنا وغیرہ وغیرہ۔

اسکلزاور مہارتوں کی قسمیں

اسکلز اور مہارتوں کی آگے پھر دوقسمیں ہوتی ہیں
پہلی قسم لائف اسکلز یعنی زندگی گزارنے کی مہارتیں، اور دوسری قسم جاب اسکلز یعنی کوئی جاب، پروفیشن یا نوکری حاصل کرنے اور انجام دینے کی مہارتیں۔
یہ دونوں مہارتیں دنیا میں انسان کو درکارہوتی ہیں۔ پروفیشنل اسکلز یا پیشہ ورانہ مہارتیں آپ کو ایک خاص پیشہ ورانہ کام انجام دینے میں مدد دیتی ہیں جبکہ زندگی کی مہارتیں آپ کو روٹین اور روزمرہ کے کاموں کی انجام دہی میں مدد دیتی ہیں۔
ہنراور مہارتوں سے جہاں انسان کی زندگی کامیابی سے گزرنے لگتی ہے زندگی کے امور اور پیشہ ورانہ معاملات میں آسانیاں پیدا ہوجاتی ہیں وہاں ان اسکلز، ہنر یا مہارتوں کی وجہ سے انسان میں خوداعتمادی (Confidence) پیدا ہوجاتی ہے۔ مثلااگر آپ کو ڈرائیونگ آتی ہے تو آپ کی زندگی بڑی آسان ہوجاتی ہے۔اسی طرح اگرآپ کو کوئی زبان آتی ہے تو بھی اس زبان کی ڈومین میں کوئی معاملہ کرتے ہوئے آپ کو آسانی محسوس ہوتی ہے۔ اس طرح کاموں کے آسان ہونے کے نتیجے میں آپ کی خوداعتمادی میں اضافہ ہوجاتاہے۔ ہمیں اپنے ہنر، مہارتوں اور اسکلز کو ہر دم بڑھاتے رہنا چاہیے۔

چند اسکلز کی نشان دہی

یہاں کچھ اسکلز اور مہارتوں کی نشاندہی کی جاتی ہے۔

پیشہ ورانہ مہارتیں(Professional Skills)

یہ مہارتیں ہمیں اپنے پروفیشن اور پیشوں کی انجام دہی کے لئے، یا جہاں ہم جاب کررہے ہوتے ہیں اس جگہ کے مطالبات اور تقاضے پورے کرنے کے لئے ہوتے ہیں،جن کو پور ا کرنے کے لئے ہمیں ہنر ، مہارتیں یا اسکلز درکارہوتے ہیں۔

انتظامی قیادت کی صلاحیتیں

مشورہ دینا۔ کاونسلنگ کرنا۔ تنازعات کے حل کی صلاحیت۔ فیصلہ سازی کی قوت۔ سفارت کاری اور ڈپلومیسی۔ہرقسم کے لوگوں کو مینیج کرنے کا مسئلہ۔انٹرویولینا اورانٹرویودینا۔ہنرمند لوگوں کو ہائرکرنے کے مسئلہ کو حل کرنا۔اسٹریٹجک سوچ۔ منصوبہ بندی وغیرہ۔ اس قسم کے اسکلز انتظامی اور قیادت کے معاملات میں ہمارے معاون ثابت ہوتے ہیں

جذبات و کردار کی پختگی

یہ اسکلز اور مہارتیں ہماری کارکردگی کو بہتر بناتی ہیں۔مثلا محنت کے جذبے سے سرشارہونا،لگن اور جستجو کی عادت کا ہونا۔ اخلاقیات کی مضبوطی۔ایمان داری اور دیانت داری۔خوش اخلاقی۔ سلیقہ مندی۔شعوری پختگی۔صبروتحمل اور برداشت کا مادہ۔دوسروں پر اعتبار ۔ خود اعتمادی اور تخلیقی صلاحیتیں وغیرہ۔

معلومات کی تنظیم

ڈیٹا انٹری۔ڈیٹا کی درجہ بندی اور پروسیسنگ کرنا۔کوآرڈینیٹنگ۔ ڈیٹامینجمنٹ۔میٹنگ طے کرنے کے معاملات اور اس کے انتظامات۔ ملٹی ٹاسکنگ کا ہنر۔ کاموں کی ترتیب متعین کرنا۔ شیڈولنگ۔اسٹریٹجک پلاننگ۔ ٹائم مینجمنٹ وغیرہ۔

ٹیم بلڈنگ کی مہارت

اشتراک عمل۔باہمی تعاون۔لچک۔ ایک دوسرے کو غور سے سننا۔ مشاہدہ کرنا۔ مشاورت۔باہمی احترام کو فروغ دینا۔ معلومات کا تبادلہ اورشیئرنگ۔ باہمی اعتماد۔ موٹیویشن وغیرہ۔

تجزیاتی ہنر

سوچنا اور غور وفکر کرنا۔ ڈیٹا کا تجزیہ کرنا۔ گنتی کی درستگی۔ درست نتیجہ نکالنا۔ تحقیق کی خرابیوں کا سراغ لگانا۔ غلطیوں کوڈھونڈ کر ان سے سیکھنا اور مستقبل کے لئے لائحہ عمل طے کرنا

زندگی کی مہارتیں(Life Skills)

آپ کو روز مرہ کی زندگی میں بہت ساری مہارتیں درکارہوتی ہیں ۔ ہرانسان کو درکار مہارتیں مختلف ہوسکتی ہیں کیونکہ ہر ایک کے احوال اور ضرورتیں مختلف ہوسکتی ہیں لیکن کچھ مہارتوں اوراسکلز کی ہر انسان کو ہروقت ضرورت پڑتی رہتی ہے۔ذیل میں زندگی کی کچھ عمومی نوعیت کی مہارتوں کی نشاندہی کی جاتی ہے۔
جسمانی صفائی ستھرائی۔کھانے پینے کے آداب۔کار کی دیکھ بھال۔رہائش گاہ کی صفائی ستھرائی۔ڈرائیونگ۔ہنگامی صورت حال کی تیاری۔فرسٹ ایڈ اور سی پی آر۔ کپڑے دھونے ، استری کرنے اور تہہ کرکے رکھنے کی مہارت۔کچن کا استعمال۔باغ کی دیکھ بھال۔کام / اسکول کے لئے وقت پر تیار ہونا۔مارکیٹ سے چیزوں کی خریداری۔ سونے کے لئے بستر بنانا۔گھریلو بجٹ بنانا۔ٹیبل کی ترتیب اور صفائی۔ مطالعہ۔ٹوائلٹ کا استعمال۔ویکیومنگ۔کپڑے ، برتن ، ونڈوز یا کار دھونے اور خشک کرنا وغیرہ۔

طلباء کو درکار مہارتیں اور اسکلز

طلباء کو بہت ساری مہارتیں درکار ہوتی ہیں جو سیکھنے کے عمل کے دوران ان کے لئے ضروری ہیں۔ یہ ہنر آپ کو اگلی سطح کی تعلیم کے لئےبھی تیار (prepare )کریں گے ، بلکہ یہ آپ کو موجودہ سطح پر کامیابی حاصل کرنے میں بھی مدد کریں گے یہ مہارتیں مندرجہ ذیل ہیں۔

لیکچر توجہ سے سن کر نوٹس لینے کی مہارت۔ اپنے اسائمنٹس کو ذمہ داری سے پورا کرکے ٹیچر کو پیش کرنے کی صلاحیت۔جوابدہی کا احساس۔معلومات کا تجزیہ کرنا۔گفتگو کرنے کی صلاحیت۔اہم سوچ کوآگے بڑھانے کی صلاحیت۔ ٹیکنالوجی سے تعلیمی استفادہ کرنے کی صلاحیت ۔ہدایات پر عمل کرنے کی صلاحیت۔اچھےتخیل کی صلاحیت۔کاموں میں پہل کرنے کی صلاحیت ۔ اپنے تعلیمی معاملات کی تنظیم کی صلاحیت۔ وقت پر کام مکمل کرنے کی صلاحیت۔ تقریرو تحریر کو معیاری بنانے کی صلاحیت اور ٹائم مینجمنٹ کی صلاحیت۔

کھیلوں کی مہارتیں

مختلف کھیلوں کے لئے مختلف قسم کی مہارتوں کی ضرورت درکار ہوتی ہے مثلا دوڑنا ، گزرنا ، پھینکنا ،ٹیم ورک کرنا،توجہ مرکوز کرنا۔ٹیم سے ہم آہنگی اختیار کرنا۔دباؤ سے نمٹنا۔لچک۔بار بار مشق کرنا۔طاقت کو استعمال کرنا۔صحت سے متعلق احتیاط رکھنا۔مختلف حربے استعمال کرنا۔ ٹیم کو جتانے کی کوشش کرنا۔ہار پر جذبات کنٹرول میں رکھنا۔

ہنر اور مہارتیں سیکھتے رہیے

مختلف مہارتیں اور ہنرسیکھتے رہنا اور جو آپ کے پاس پہلے سے مہارتیں موجود ہیں ان میں بہتری لانے کی کوشش کرتے رہنا آپ کی زندگی میں بڑی کامیابی کی نوید ثابت ہوسکتا ہے۔ اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر کام کرنے سے آپ جو کچھ بھی اپنی زندگی میں کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اس میں آپ کو زیادہ بہتر نتیجہ اور اعتماد مل سکتا ہے۔ روز مرہ زندگی کی مہارتیں ہوں یاپروفیشنل مہارتیں، ان سب کو سیکھنے اور بہتر بنانے کے لئے پہلے ذہنی آمادگی کی ضرورت ہوتی ہے اورپھر باقاعدہ پلاننگ اور شیڈولنگ کے ذریعے ان کو بہتر بنایاجاسکتا ہے۔ اس تمام عمل کے نتیجے میں آپ کی شخصیت سازی کا عمل بھرپور طریقے سے آگے بڑھتا رہے گا ۔

یہ بھی پڑھیئے:

تخلیقی صلاحیتوں کو کیسے اجاگر کریں ؟

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top