مسلمان کو رسول اللہ سے شعوری محبت ہونی چاہیے ،ڈاکٹر سید عزیز الرحمن
کراچی (ایجو تربیہ ڈیسک) ایک مسلمان کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے شعوری محبت ہونی چاہیے اور شریعت میں یہی محبت مطلوب ہے ، ہم رسول اللہ کی سیرت کا جتنا زیادہ اور گہرائی سے مطالعہ کریں گے اتنا ہی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہماری شعوری محبت میں اضافہ ہوگا ۔
ان خیالات کا اظہار معروف مصنف،سیرت نگار اور دعوہ اکیڈمی ریجنل سینٹر سندھ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سید عزیز الرحمن نے جامعہ علی ناتھا خان کراچی میں منعقدہ دو روزہ محاضرہ سیرت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
پیغمبر کی ذات سے جڑی ہر چیز زندہ و جاوید ہو جاتی ہے
ڈاکٹر سید عزیز الرحمن نے مزید کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ سے جڑی ہر چیز زندہ و جاوید ہو جاتی ہے ، یثرب نامی شہر کی نسبت جب آپ سے جڑ گئی تو ہمیشہ کے لئے ” مدینہ” کہلایا اب دنیا میں کہیں بھی مدینہ کا لفظ بولا جائے تو کوئی دوسرا شہر ذہن میں نہیں آتا بلکہ شہر رسول ہی ذہن میں آتا ہے حالانکہ عربی میں کسی بھی شہر کو مدینہ کہا جاتا ہے۔
معاشرہ اپنے محسنوں کو یاد رکھتا ہے ، محاضرہ سیرت سے خطاب
ڈاکٹر سید عزیز الرحمن نے کہنا تھا کہ معاشرہ بے وفائی نہیں کرتا ، جو لوگ معاشرے کے لئے مفید اور کار آمد ہوتے ہیں ،انہیں معاشرہ ہمیشہ یاد رکھتا ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اجداد کا نسب نامہ “عدنان” تک محفوظ ہے اس کا مطلب یہی نکلتا ہے کہ آپ کے تمام اجداد اپنے اپنے دور کے معاشرے کے لئے مفید تھے ،ان کی خدمات ہی کی وجہ سے لوگوں نے ان کو یاد رکھا ورنہ اس دور کے دوسرے لوگوں کے نام کسی کو معلوم نہیں ۔

ڈائریکٹر دعوہ اکیڈمی سندھ آج دوسرے روز جامعہ علی ناتھا خان میں سیرت پر لیکچر دیں گے
اس موقع پر جامعہ علی کے مدیر مولانا منظور یوسف اور مولانا شفیق الرحمن کشمیری نے بھی مختصر خطاب کیا، محاضرہ میں علماء اور مدارس کے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ محاضرہ سیرت کے دوسرے روز آج بروز جمعہ بعد از مغرب و عشاء دو سیشنز ہوں گے ،ڈاکٹر سید عزیز الرحمن عہد اول میں کتب سیرت ،عہد متوسط میں کتب سیرت سمیت ویگر موضوعات پر لیکچر دیں گے ۔