Saturday, December 7, 2024
HomeColumnsاسکردو کی سدپارہ جھیل کی رعنائیاں

اسکردو کی سدپارہ جھیل کی رعنائیاں

اسکردو کی سدپارہ جھیل کی رعنائیاں

امیرجان حقانی

آنکھوں کو خیرہ کر دینے والی سدپارہ جھیل اب سدپارہ ڈیم کہلاتا ہے.استور دیوسائی روڈ سے بھی سد پارہ جھیل تک موسم سرما میں آسانی سے پہنچا جاسکتا ہے تاہم کسی بھی موسم بالخصوص موسم سرما میں اسکردو شہر سے ہی سدپارہ جایا جاسکتا ہے.
میں اپنے ایک پروفیشنل تدریسی دورے پر اسکردو آیا ہوں. اسکردو پہنچتے ہی عشروں سے دل میں دبی خواہش جاگ اٹھی، دماغ میں یہ بات بیٹھ ہی گئی تھی کہ سدپارہ دیکھنا ہے. اس خواہش کی تکمیل کا سبب برادرم ایس ایس ناصری بنے. ناصری صاحب اسکردو روندو سے تعلق رکھتے ہیں. سینئر صحافی ہیں. وائس آف گلگت بلتستان کے بانی چیف ایڈیٹر ہیں. ہم طالب علمی کے دور میں کراچی سے اس میگزین میں لکھا کرتے تھے.آج کل میگزین تعطل کا شکار ہے. ناصری صاحب SUNO ایف ایم 89 بلتستان ریجن کے کرتے دھرتے ہیں.

قاری صاحب کا ٹائٹل پیچھا نہیں چھوڑ رہا

کراچی میں ہم جی بی کے صحافیوں کا ایک گروپ تھا. ہمارے احباب مجھے قاری صاحب سے یاد کیا کرتے تھے. ڈاکٹر رفیع عثمانی، منہاج موسوی، امین اظہر ، عباس وفا، واجد علی یاسینی، ریاض علی یاسینی،انو ثاوین، قاسم بلتی، حب علی ثانی، ایس ایس ناصری، ریاض الدین، فیروز خان، اسلم ہنزائی، صادق حسین اور بہت سارے احباب تھے. بڑی اچھی یادیں ہیں. تب سے اب تک ہم گلگت بلتستان یونین آف جرنلسٹ کراچی کے احباب کے لیے “قاری صاحب” ہیں.یہ احباب اب تک قاری صاحب ہی کہتے ہیں.

میں ڈگری کالج اسکردو میں اپنی پریزینٹیشن سے فارغ ہوا ہی تھا، ناصری صاحب ٹھیک وقت پر دوپہر ایک بجے قیصر علی کی معیت میں پہنچ گئے اور ہم سدپارہ جھیل چل دئے ۔
ہمارے دوست ناصری صاحب اسکردو بازار میں اہم مقامات اور اداروں کا تعارف کرواتے ہوئے سدپارہ کی طرف رواں دواں ہیں. راستے میں مختلف چوک آتے ہیں. پریشان چوک کو کراس کرکے ہی سدپارہ جانا ہوتا ہے. ہم نے بہت سارے چوک کراس کیے.کچھ پوش ایریاز ہیں. کہیں آرمی پبلک سکول ہے، کہیں پبلک سکول اینڈ کالج، کہیں SCO کا ٹیکنالوجی پارک نظر نواز ہورہا ہے تو کہیں مرکز اہلحدیث اور مرکز اہل سنت نظر آرہے ہیں. اور اسوہ سکول کے دروازے پر بھی رش لگا ہوا ہے.

موسم سرما میں سیاحوں کے رش میں کمی

یہ موسم سرما ہے اس لیے سیاحوں کا رش کم ہے. ہم آسانی سے سدپارہ جھیل کی طرف جارہے ہیں. سیاحت کے اعتبار سے روڈ بہت تنگ ہے. ویسے بھی گلگت بلتستان کے تمام مرکزی شہروں کی سڑکیں بہت تنگ ہیں.سدپارہ کے راستے میں بڑے بڑے ہوٹل بنے ہیں اور کافی سارے زیر تعمیر ہیں. چیف سیکرٹری جی بی کا کیمپ آفس بھی وہی ہے. سابق سی ایم اور موجودہ گورنر مہدی شاہ صاحب نے سدپارہ جھیل کی طرف جانے والی سڑک، منٹھل کے پاس ایک محفل نما گھر بنایا ہے. شاید اس کو پی پی ہاوس کا نام دیا گیا ہے.

سطح سمندر 8500 فٹ بلندی پر واقع سات ندیوں کی جھیل

وسط اسکردو سے سدپارہ لیک تک تقریباً دس کلومیٹر کا سفر ہے. سدپارہ کو لوکل زبان میں “ستپَرَہ سر” کہا جاتا ہے. ستپَرَہ سر کا مطلب سات ندیوں کی جھیل. نام صد پارہ ہو، سد پارہ یا ستپرہ، اس سے فرق نہیں پڑتا، یہ جھیل سطح سمندر سے آٹھ ہزار پانچ سو فٹ کی بلندی اور سکردو شہر سے تقریباً دس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے.

سنا تھا کبھی اس جھیل تک پہنچنے کے لیے تگڑی جیپ کی ضرورت پڑتی تھی لیکن آج تو ہم ناصری صاحب کی وٹز کار میں جارہے تھے.اسکردو سے جھیل تک روڈ بنایا گیا ہے تاہم دیوسائی سے روڈ اب تک خستہ ہی ہے. سنگلاخ پہاڑیوں کے دامن سے گزرتے ہر لمحہ یہی خیال کھایا جارہا تھا کہ اب سدپارہ جھیل نظر نواز ہوگی مگر اگلا موڑ سامنے آجاتا اور پھر بندہ جھیل کے خیالوں میں کھو جاتا.
جیسے ہی دس کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے سدپارہ جھیل کے ماہ انور پر نظر پڑتی ہے تو انسان بے اختیار قدرت کی صناعیوں پر بے اختیار سبحان اللہ کہہ جاتا ہے. میرے جسم کا ہر ہر عضو بھی قدرت الہی کا معترف تھا. لاریب! اللہ تیری ذات بڑی کاریگر ہے.

آلودگی کےخطرات سے نمٹنے کے لئے منصوبہ بندی کی ضرورت

سدپارہ جھیل اب جھیل کم ڈیم زیادہ ہے. اس جھیل پر 2003 میں ڈیم بنانے کا عمل شروع ہوا تھا. ڈیم بننے سے شاید جھیل کی قدرتی رعنائیوں میں کمی نہ آئے مگر پھر بھی بہت ساری آلودگیاں اور ماحولیاتی نظام ، قدرتی حسن کو برباد کرنے کے لئے در آتے ہیں. اب تو جھیل کنارے بہت سارے ہوٹل بننے شروع ہوئے، اگر ان بے ہنگم تعمیرات کو مناسب انداز میں منیج نہ کیا گیا تو مستقبل قریب میں بڑھتی عمارتیں اور فضائی و انسانی آلودگیاں بہت سے خوفناک مسائل پیدا کرسکتی ہیں. ارباب اختیار کو اس پر سنجیدگی سے سوچنے اور پلاننگ کرنے کی ضرورت ہے.

جھیل خشک ہونے لگی ہے

ایس ایس ناصری کے مطابق اس سال(2022 اور 23) جھیل خشک ہے. پانی کی بڑی قلت ہے. پہلی دفعہ اسکردو شہر میں پانی کی لوڈ شیڈنگ کردی گئی ہے. ہم نے بھی محسوس کیا کہ واقعی پانی بہت کم ہے. جھیل کا حجم بہت بڑا نظر آرہا ہے. اس جھیل میں ٹروٹ مچھلیاں بھی ہوتی ہیں.

جھیل کے درمیان چھوٹا جزیرہ اور ڈرون کیمرے کی پھرتیاں

جھیل پر نظر پڑتے ہی درمیان میں واقع ٹیلہ نما چھوٹا سا جزیرہ آنکھوں کے سامنے آجاتا ہے. اس تک پہنچنے کے لیے چھوٹی کشتی کی ضرورت ہوتی ہے یا پھر بہترین تیراکی کی. ہم موسم سرما میں گئے تھے، نہ وہاں تیراک تھے اور نہ ہی کشتیاں، البتہ پنجاب سے آئے ہوئے کچھ سیاح اور ایک فوجی پریمی جوڑا تھا. ان کی اٹھکھیلیاں دل ساز تھیں بلکہ یوں کہیے دل سوز تھیں. لاہور سے آئے ہوئے مہمانوں نے جھیل پر ڈرون کمیرہ چھوڑا ہوا تھا، جو جھیل کے پورے منطر کو فلما رہا تھا. ہم بھی ڈرون کیمرہ کی پھرتیاں دیکھ کر بہت محظوظ ہورہے تھے.

جھیل سے جڑی دیو مالائی کہانیاں

سدپارہ گاؤں اور جھیل کے ساتھ کئی دیومالائی کہانیاں اور اساطیر جڑی ہوئی ہیں. طوالت کا خوف نہ ہوتا تو دیومالائی کہانیاں لکھ دیتا.
ہم نے جھیل کنارے دیر تک انجوائے کی، تصاویر لیں، سیاح مہمانوں سے ان کے تاثرات لیے. وہ پورے جی بی میں گھومے پھرے تھے. انہوں نے گلگت بلتستان کے شہریوں اور پولیس والوں کی بڑی تعریف کی. ہمارے ساتھ تصاویر بھی بنائیں اور ڈرون کیمرے سے ویڈیو بھی بنائی.

ڈیم پانیوں سے بھر جائے تو اس کی بلندی 133 فٹ تک ہوجائے گی. ڈیم کی فزیبلٹی رپورٹ کے مطابق اسکردو کو لگ بھگ 13 میگا واٹ اضافی پن بجلی ملنی ہے. اور اسکردو کےشہریوں کو یومیہ 30 لاکھ گیلن پینے کا پانی ملنے کے علاوہ 20 ہزار کنال زرعی رقبہ بھی زیر کاشت لایا جا سکنا تھا. ایسا ہوا کہ نہیں کوئی باخبر ہی بتا سکتا ہے.

سد پارہ ڈیم کی تکمیل میں حائل رکاوٹیں

سدپارہ ڈیم منصوبے کے مطابق ڈیم کو بھرنے کے لیے پانی کا سورس، ڈیم کے دائیں بائیں اور قریب ترین چوٹیوں میں برف جو موسم سرما میں پگھل کر ڈیم کا حصہ بنتی ہے. اس کے علاوہ سدپارہ کو بھرنے کے لیے دیوسائی نیشنل پارک میں بہنے والے قدرتی نالے جسے شتونگ کہا جاتا ہے ، کا رخ موڑ کر ایک نالہ ڈیم تک لایا جانا تھا مگر یہ کام نہ ہوسکا. ہمارے رفیق ایس ایس ناصری کے مطابق اب تک یہ کام نہ ہونا افسوسناک ہے،اس کے نہ ہونے کی وجہ سے ڈیم اپنی افادیت کھو رہا ہے. ہمارا خیال ہے کہ شاید دیوسائی سائڈ سے بہتے پانیوں بالخصوص شتونگ نالے کو سدپارہ کی طرف نہ موڑنے کی مختلف وجوہات میں، ایک بڑی وجہ انڈیا کی مخالفت اور کچھ انٹرنیشنل معاہدات رکاوٹ ہیں.کمزور معیشت والے ملکوں کے ساتھ ایسے بڑے منصوبوں میں اکثر یہی کچھ ہوتا ہے.

بصارتوں کو خیرہ کر دینے والی یہ خوبصورت جھیل شفاف اور میٹھے پانی سے بڑی حد تک لبریز ہے لیکن لب دوز بالکل بھی نہیں، اور اس کے دو تین اطرف میں سنگلاخ چٹانیں ہیں۔اور یہی جھیل کنارے سے اسکردو سے استور کا مشہور زمانہ دیوسائی روڈ ہے.
سدپارہ جھیل سے چند گھنٹوں کی مسافت پر دیوسائی نیشنل پارک اور دیوسائی جھیل ہے.

عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما محمد علی سد پارہ کے گاؤں کی سیر

ہم جھیل کے ابتدائی سرے سے تین چار کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع سدپارہ گاؤں بھی گئے. یہ محمد علی سدپارہ کا گاؤں ہے. محمد علی سدپارہ پاکستان کے نامور کوہ پیما گزرے ہیں.انہوں نے کوہ پیمائی کے ذریعے اپنے نام اور سدپارہ گاؤں کو ہمیشہ کے لئے امر کر دیا ہے.ایسے نامور افراد بہت کم پیدا ہوتے ہیں.
ہمیں سدپارہ جھیل کے دیکھنے سے زیادہ خوشی سدپارہ گاؤں دیکھنے سے ہوئی جہاں محد علی جیسے انسان پیدا ہوئے ہیں. کچھ افراد کچھ علاقوں کو ہمیشہ کے لیے پہچان دیتے ہیں. محدعلی نے بھی سدپارہ کو پہچان دیا.

بہر حال واپسی پر بھی خوب انجوائے کیا. سدپارہ جھیل کی طرف بہتے پانیوں سے لطف اٹھایا ۔وضو بنایا اور شفاف پانی پی کر اللہ کا شکر ادا کیا. واپسی پر ناصری صاحب اگلے دن کا پلان بنا رہے تھے اور ہم اپنے خیالات میں گھم سم تھے. ایسے مواقع پر ہمیں بعض انجانے خیالات بڑے ڈسٹرب کرتے ہیں.
انسان فطری حسن سے لطف اندوز ہوتا ہے تو پھر اس کی فطرت بھی جاگ جاتی ہے اور وہ دل کی لطافتوں کو بہت گہرائی سے محسوس کرتا ہے. اور یہی محسوسات سدپارہ جھیل سے واپسی پر ہمیں کھائی جارہی تھیں. دل مچل رہا تھا کہ وہاں کہیں کھو جائے بلکہ جھیل کے نیلے پانیوں میں ڈبکیاں لگا کر ٹروٹ مچھلیوں کے ساتھ ہمیشہ کے لیے بسیرا کرے لیکن ہم نے بڑی کوشش سے اس کو سنبھالا، ساتھ لیا اور سدپارہ جھیل کو خدا حافظ کہا.اور ساتھ گرمیوں میں آنے کا وعدہ بھی کیا.

یہ بھی پڑھیں

دیسی رنگ میں ڈھلا عالمی ادبی میلہ

RELATED ARTICLES

2 COMMENTS

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

- Advertisment -

Most Popular

Recent Comments

عنایت شمسی on امی جان الوداع
Abdul Rauf mahar on قاری سعد نعمانی