رمضان المبارک کا تیسرا عشرہ ہم پر جلوہ گر ہو چکا ہے۔ جہنم کی آگ سے آزادی کا یہ مبارک عشرہ اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے رمضان المبارک کے بارے میں حدیث ہے کہ اس کا پہلا عشرہ رحمت دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرا عشرہ جہنم کی آگ سے آزادی کا عشرہ ہے.رامضان المبارک اللہ کا مہینہ ہے اور اللہ تعالی اس ماہ مبارک میں رحمتوں کےساتھ ساتھ مغفرت کے پروانے جاری کرتے ہیں اورتیسرا عشرہ اس حوالے سے مخصوص ہے کہ اس مبارک عشرہ میں جہنم کی آگ سے نجات کے پر وانے جاری کئے جاتے ہیں ۔ماہ رمضان اپنی رحمتوں برکتوں کی بارش برساتا ہوا تیسرے عشرے میں داخل ہو چکا ہے ۔تیسرا عشرہ جہنم کی آگ سے آزادی کا عشرہ ہے۔اس عشرے میں اللہ تعالی امت محمدیہ کے لاتعداد بندوں کو جہنم کی آگ سے آزاد فرمادیتے ہیں
تیسرا عشرہ اور رسولﷺ کا معمول
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہ فرماتی ہیں کہ رمضان المبارک کا تیسرا عشرہ ہوتا تھا اور رسول پاک ﷺ کا معمول یہ ہوا کرتا تھا کہ ہر رمضان کا آخری یعنی تیسرا عشرہ جاگ کر گزارا کرتے تھے۔ اور اپنی بیویوں کو بھی جگا تے تھےتاکہ وہ بھی اللہ کی زیادہ سے زیادہ عبادت کریں اور خود بھی اللہ کی عبادت کے لئے کمر کس لیتے۔تیسرا عشرہ دراصل جہنم کی آگ سے چھٹکارے کا عشرہ ہے اس عشرے میں اللہ کے نبیﷺ کا طرز عمل امت کے لئے تعلیم ہے کہ وہ بھی اس عشرے میں عبادات کا زیادہ سے زیادہ اہتمام کریں۔حضور ﷺ کے اس عمل میں ہمارے لئے بڑی رہنمائی موجود ہے۔
پانچ باتیں
حضور ﷺ کا ارشاد عالی پاک ہے کہ رمضان کے حوالے سے پانچ ایسی باتیں ہیں جو مجھ سے پہلے کسی نبی کو عطاء نہیں کیں گئیں۔
اول ۔رمضان کی پہلی رات کو اللہ تعالی ان کی طرف رحمت کی نظر فرماتا ہے اور جس کی طرف وہ رحمت کی نظر فرمائے گا اسے عذاب نہ دے گا ۔
دوم ۔شام کے وقت ان کے منہ کی بو اللہ کے نزدیک مشک سے زیادہ اچھی ہے ۔
سوم۔ ہر دن اور رات میں فرشتے ان کے لئے استغفار کرتے ہیں۔
چہارم۔اللہ تعالی جنت سے فرماتے ہیں کہ میرے بندوں کے لئے آراستہ ہوجا عنقریب وہ دنیا کی مشقتوں سے یہاں آکر آرام کریں گے۔
پنجم۔یہ کہ جب آخری رات ہوتی ہے تو اللہ تعالی ان سب کی مغفرت فرمادیتے ہیں۔کسی نے عرض کیا کہ کیا وہ شب قدر ہے ؟ فرمایا کہ نہیں کیا تو نہیں دیکھتا کام کرنیوالے کام کرتے ہیں اورجب کام سے فارغ ہو جاتے ہیں تو اس وقت مزدوری پاتے ہیں۔
پس حدیث کی رو سے ثابت ہوا کہ تیسراعشرہ جسے جہنم کی آگ سے آزادی کا عشرہ کہا جاتا ہے اس عشرے کی آخری رات کو حق تعالیاپنے بندوں کی مغفرت فرمادیتے ہیں اسلئے ہمیں چاہیئے کہ اس ما مبارک کا تیسرا عشرہ زیادہ سے زیادہ عبادات میں گزاریں
ہلاک ہوجائے وہ شخص
رمضان المبارک میں اللہ تعالی رحمتوں اور برکتوں کا نزول فرماتے ہیں اور اس ماہ مقدس کا تیسرا عشرہ وہ ہے جسےجہنم کی آگ سے آزادی کا عشرہ کہتے ہیں اللہ تعالی ہمیں رمضان المبارک میں عبادات کرنے کی توفیق عطاءفرمائے۔رمضان المبارک کے حوالے سے ایک حدیث مبارکہ ہے کہ
ایک دن نبی ﷺ نے اپنے منبر کی پہلی سیڑحی پر پاؤں رکھا اور کہا(آمیں )پھر دوسری سیڑھی پر پاؤں رکھا کہا (آمیں )پھر تیسری سیڑھی پر پاؤں رکھا کہا( آمیں )صحابہ کرام نے جب اس کے متعلق دریافت فرمایا تو کہا کہ ابھی ابھی جبرئیل میرے پاس آئے اور کہا کہ یا رسولاللہﷺہلا ک ہوجائے وہ شخص جس کے والدین ایک یا دونوں بڑھاپے کو پہنچ جائیں اور وہ ان کی خدمت کرکے جنت کونہ حاصل کرلے تو میں نے کہا (آمیں) پھر جب میں نے دوسری سیڑھی پر پاؤں رکھا تو جبرئیل نے کہا کہ ہلاک ہو جائے وہ شخص جس کے سامنے آپﷺ کا نام لیا جائے اور وہ آپ ﷺ پر درود نہ پڑھے تو میں نے کہا (آمیں )پھر جب میں نے تیسری سیڑھی پر پاؤں رکھا تو جبرئیل نےکہا کہ ہلاک ہوجائے وہ شخص جو رمضان کا مہینہ پائے اور اس میں عبادات کرکے اپنی بخشش نہ کروالے تو میں نے کہا (آمیں)
علمائے کرام اس بارے میں فرماتے ہیں کہ جبرئیل علیہ السلام کا دعا کرنا اور رسولﷺ کا آمیں کہنا اس کےمقبول ہونے میں کسی قسم کا شک نہیں اس لئے درج بالا تینوں باتوں سے اجتناب بہت ضروری ہے۔تیسرا عشرہ جو کہ جہنم کی اگ سے آزادی کا عشرہ ہے ہمارے درمیا ن موجود ہے چند دن اور ہیں آئیں اس ماہ مبارک کی خوب خوب برکات حاصل کرلیں۔
رمضان المبارک کا تیسرا عشرہ اور اس کی دعا
رمضان المبارک کے تیسرے عشرے میں اس دعاکو اپنے معمول کا وظیفہ بنالیں۔ اللھم اجرنی من النار۔ترجمہ(اے اللہ ہمیں جہنم کی آگ سے بچا)۔
دس لاکھ افراد کی جہنم سے آزادی
حضرت عبداللہ ابن عباس سے روایت ہے کہ ماہ رمضان میں اللہ عزوجل افطار کے وقت روزانہ دس لاکھ ایسے افراد کو جہنم سے آزاد فرماتے ہیں جن پر گناہوں کی وجہ سے جہنم واجب ہو چکی ہوتی ہے۔امت محمدیہ پر اللہ کا یہ احسان ہے کہ وہ اپنے نبیﷺ کی امت کے بخشش کےبہانے ڈھونڈ کر انہیں انہیں جہنم کی آگ سے خلاصی کے پروانے عطاء فرماتے ہیں رب تبارک وتعالی کا فیض عام جاری وساری ہے۔ رمضان المبارک آخری عشرے میں جہنم کی آگ سے آزادی کے عشرے میں داخل ہو چکا ہے لہذا ان بابرکت ساعتوں میں آیئے اپنے رب کو راضی کرلیں
تیسرا عشرہ اور اس کے فضائل
یوں تو سارا رمضان ہی رحمتوں برکتوں اور فضیلتوں سے بھرا ہوا ہے لیکن تیسرا عشرہ جسے جہنم کی آگ سے خلاصی کا عشرہ کہا جاتا ہے اور چند وجوہات کی بناء پر اس کی فضیلت زیادہ ہے ۔اس عشرے میں نبیﷺ ہمیشہ اعتکاف فرمایاکرتے اس عشرے میں ایک رات ہے جسے لیلتہ القدر کہا جاتا ہے جو کہ ہزار مہینوں سے افضل ہے تیسرا عشرہ وہ ہے جس میں میں معتکفیں حضرات اللہ تعالی کی خوشنودی کی خاطر دس دن کے لئے دنیا سے کٹ کر اللہ رب العزت کی عبادات اورتسبیح وتہلیل میں مصروف ہوجاتے ہیں
تیسرے عشرے میں اعتکاف کے فضائل
حضرت ابن عباس فرماتے ہیں کہ رسولﷺ نے فرمایا کہ جو شخص اللہ کی رضا کے لئے ایک دن کا اعتکاف کرتا ہے اللہ تعالی اس کے اور جہنم کے درمیان تین خندقوں کو آڑ بنائیں گےاور ایک خندق کی مسافت آسمان اور زمین سے بھی زیادہ چوڑی ہے سبحان اللہ ایک دن کے اعتکاف کا ثواب یہ ہے کہ بندے اور جہنم کے درمیان تیں خندقیں حائل ہوجاتی ہیں تو رمضان ا؛لمبارک کا تیسرا عشرہ اگر اعتکاف میں گزاراجائے تو اس کا کتنا بڑا اجر ہوگا۔
لیلتہ القدر اور اس کی فضیلت
اس ماہ کی آخری طاق راتوں میں ایک رات لیلتہ القدر کی رات بھی ہے جسے شب قدر بھی کہتے ہیں حضرت ابو ہریرہ سے روایت ہے کہ رسولﷺ کا ارشاد عالی پاک ہے کہ جس شخص نے ثواب کی امید کے ساتھ اس رات میں عبادت کی اس کے سابقہ گناہ نخش دیئے جاتے ہیں اس رات کے بارے میں قرآن کریم میں ارشاد ہے کہ یہ رات ہزار مہینوں سے افضل ہےیعنی ایک رات کی عبادت کا ثواب تراسی سال اور چار ماہ سے زیادہ کا ثواب ہوتا ہے ۔رمضان المبارک کا تیسرا عشرہ جہنم کی آگ سے آزادی کا عشرہ ہے اور اس عشرے میں اتنی بڑی رات کے رکھنے کا مقصد یہی ہے کہ مخلوق خدا اپنے گناہوں کی بخشش کرواکر جہنم کی آگ سے آزادی حاصل کرلے اور داخل جنت ہو جائے
میں نے انہیں بخش دیا
روایت ہے کہ اللہ تعالی رمضان میں ہر روز دس لاکھ افراد کو جہنم کی آگ سے آزاد فرمادیتے ہیں اور جب رمضان کی آخری رات ہوتی ہے تو مہینے بھر میں جتنے لوگوں کو جہنم سے آزادی ملتی ہے ان کے مجموعے کے برابر لوگ جہنم کی آگ سے آزاد کر دیئے جاتے ہیں پھر جب عید الفطر کی رات آتی ہے تو ملائکہ خوشیاں مناتے ہیں تو اللہ تعالی اپنے نور کی خاص تجلی فرماتا ہے اور فرشتوں سے فرماتا ہے کہ اے فرشتوں اس مزدور کا کیا بدلہ ہے جس نے کام پورا کیا ہو۔فرشتے کہتے ہیں کہ باری تعالی اس کا بدلہ یہ ہے کہ اسے پورا پورا اجر دیا جائے۔اللہ عزوجل فرماتا ہے کہ میں تمہیں گواہ کرکے کہتا ہوں کہ میں نے انہیں معاف کیا۔رمضان المبارک کا تیسرا عشرہ ہمارے درمیان موجود ہے جوکہ جہنم کی آگ سے آزادی کا عشرہ ہے اور اس عشرے کی آخری رات اللہ تعالی اہل ایماں کو بخش دیتے ہیں اللہ میرا اور آپ تمام قارئیں کا شمار بخشے جانیوالے لوگوں میں فرمائےآمین
حرف آخر
قارئین محترم رمضان المبارک کا تیسرا عشرہ جو کہ جہنم کی آگ سے آزادی کا عشرہ شروع ہوچکا ہے اور یہ ماہ مقدس اب اپنے اختتام کی جانب رواں دواں ہےآئیے ان مقدس لمحات کی رحمتوں برکتوں اور سعادتوں کو اپنے دامن میں سمیٹ لیں اور اپنی کوتاہیوں کی تہہ دل سے معافی مانگیں یہ مقدس گھڑیاں اور ساعتیں اس حوالے سے بڑے اہم ہیں رب کریم کی رحمت اپنے جوش پر ہے اور وہ مغفرتوں کے پروانے تقسیم کررہا ہے ائیے سر اس کی بارگاہ اقدس میں جھکائیں اور اپنےمن کی مرادیں پائیں۔
مزید پڑھیں رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ